بنگلورو،یکم نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے اعلان کیا کہ اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے ریاستی حکومت سے 18؍ ہزار اساتذہ کے تقرر کی منظوری مل چکی ہے۔ جن میں 7900پرائمری اسکول ا ساتذہ، 1627 ہائی اسکول اساتذہ شامل ہوں گے۔ سال رواں چار ہزار اساتذہ کا تقرر کیا جائے گا اور بقیہ اساتذہ کا تقرر مرحلہ وار عمل میں آئے گا۔کنٹیروا اسٹیڈیم میں راجیواتسوا تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چار ہزار اساتذہ کے تقرر کیلئے 11؍ نومبر کو سی ای ٹی طرز کا مسابقتی امتحان ہوگا۔ جنوری یا فروری میں بھرتی کا عمل پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی ٹیچرس اور لائبریرین کے تقرر کے سلسلے میں چند تکنیکی روکاٹیں ہیں، ان کو دور کرنے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اساتذہ کو ضروری تربیت سے آراستہ کیا جارہاہے۔ سرکاری اسکولوں کے تعلیمی نظام کو مضبوط کرنے کیلئے کنڑا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیرمین ایس جی سدرامیا کی قیادت میں 21؍ رکنی کمیٹی نے جو سفارشات حکومت کو پیش کی ہیں، ان کا جائزہ لے کر نافذ کیا جائے گا۔ عنقریب کابینہ اجلاس میں یہ سفارشات زیر بحث لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں سال تمام سرکاری اسکولوں میں نصابی کتابیں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے سے پہلے ہی مہیا کرادی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلی سے دسویں جماعت تک کے تعلیمی نصاب میں چند ضروری تبدیلیاں لائی گئی ہیں اور اس کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سدھارا گیا ہے۔ کتابوں کی طباعت میں حائل مشکلات کو دور کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے کر تمام احتیاطی قدم اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ طلبا میں تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے پچھلے سال چوتھی اور چھٹویں جماعت کے طلبا کی تعلیمی صلاحیت کی جانچ کا سلسلہ شروع کیاگیا۔رواں سال چوتھی اور نویں جماعت کے طلبا کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے 3 سے 9؍ نومبر تک امتحانات لئے جائیں گے۔ان جماعتوں میں زیر تعلیم 38؍لاکھ طلبا کی صلاحیتوں کی جانچ کی جائے گی۔ تنویر سیٹھ نے بتایاکہ رواں سال سے لڑکیوں کویونیفارم کے طور پر چوڑیدار دیاگیا ہے۔ ساتھ ہی آٹھویں جماعت کی 5.24لاکھ طالبات کو مفت سائیکل فراہم کی جاچکی ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو کمپیوٹر جانکاری سے آراستہ کرنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی سہولت کے ساتھ طلبا کے تحفظ اور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی طرف حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔